کراچی۔ 11 اکتوبر (اے پی پی): حکومت سندھ اور ورلڈ بینک کی جانب سے ساؤتھ ایشیا ڈویلپمنٹ اپ ڈیٹ (ایس اے ڈی یو) اور پاکستان ڈویلپمنٹ اپ ڈیٹ (پی ڈی یو) کے اکتوبر 2024 ایڈیشنز سے متعلق ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ نے انتہائی غریب افراد اور کسانوں کو غربت سے نکالنے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری-کنسٹرکشن پروجیکٹ حکومت سندھ کا ایک تاریخی اقدام ہے جس کے تحت بیس لاکھ غریب افراد کو ان کے گھروں کی تعمیر نو میں مدد فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ ایک خوشحال اور مستحکم مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے ہمیں معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے متحد رہنا ہوگا۔