واٹس ایپ نیا 'سرچ' فیچر متعارف کروانے کی تیاری میں

میٹا کی ملکیت والی انسٹنٹ میسجنگ ایپ واٹس ایپ ایک نیا فیچر متعارف کروا رہی ہے، جو کہ فی الحال واٹس ایپ بیٹا اینڈرائیڈ 2.24.21.31 اپڈیٹ کے صارفین کے لیے دستیاب ہے۔

WABetaInfo کے مطابق، اس نئے فیچر کی مدد سے صارفین وہ تصاویر جو کسی رابطے سے موصول ہوئی ہیں، ویب پر تلاش کر سکیں گے۔ اس کا مقصد غلط یا دھوکہ دہی پر مبنی تصاویر کی شناخت کرنا ہے، جو اکثر غلط معلومات پھیلانے کے لیے شیئر کی جاتی ہیں۔

مثال کے طور پر، اگر کسی صارف کو کوئی تصویر موصول ہوتی ہے جو تبدیل شدہ یا سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کی گئی ہے، تو یہ فیچر انہیں ویب پر اس تصویر کے اصل ماخذ یا اس سے ملتی جلتی تصاویر کو تلاش کرنے میں مدد دے گا تاکہ وہ تصویر کی سچائی کی تصدیق کر سکیں۔

یہ فیچر کیسے کام کرے گا؟ WABetaInfo کے مطابق، جب صارفین کسی تصویر کی تلاش شروع کریں گے، تو وہ تصویر گوگل پر اپلوڈ ہوگی، تاہم، یہ عمل واٹس ایپ کی معلومات میں شامل نہیں ہوگا اور ایپ خود اس تصویر کو محفوظ یا پراسیس نہیں کرے گی۔

یہ فیچر صارفین کو نیوز اسٹوریز، سوشل میڈیا پوسٹس، یا میمز میں شیئر کی گئی تصاویر کی حقیقت کو جانچنے میں بھی مدد دے گا، جو اکثر غلط معلومات پھیلانے کے لیے تیار کی جاتی ہیں۔

یہ بات بھی اہم ہے کہ یہ فیچر تمام تصاویر کے لیے دستیاب ہوگا، چاہے وہ کسی قریبی رابطے کی طرف سے بھیجی گئی ہو یا فارورڈ کی گئی ہو۔

تاہم، ویب پر 'لنکس' کی تلاش صرف اُن پیغامات کے لیے دستیاب ہوگی جو بار بار فارورڈ کیے گئے ہیں۔

صارفین کے پاس مکمل اختیار ہوگا کہ وہ اس فیچر کو استعمال کرنا چاہیں یا نہیں، اور اس طرح ان کی اجازت کے بغیر کوئی ڈیٹا شیئر نہیں کیا جائے گا۔


جدید تر اس سے پرانی