پنجاب ہاؤس میں بلاول بھٹو زرداری اور نواز شریف کی ملاقات، میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کے لیے اتفاق رائے پر زور

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب ہاؤس میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال اور میثاق جمہوریت پر عمل درآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے آئینی عدالتوں اور عدالتی اصلاحات سے متعلق ترامیم کے حوالے سے تجاویز پیش کیں اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ آئینی ترامیم سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے منظور کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے عدالتی اصلاحات اور پارلیمنٹ کی بالادستی ضروری ہے۔

میاں نواز شریف نے پاکستان پیپلزپارٹی کی تجاویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مشترکہ مقاصد پر متحد ہونا ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کو سیاسی و معاشی بحرانوں سے نکالنے کے عزم کا اظہار کیا۔



اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی میثاق جمہوریت پر مکمل عمل درآمد کے لیے اتفاق رائے کا ماحول پیدا کرنا چاہتی ہے اور غیرمہذبانہ سیاسی طرز عمل کی وجہ سے ملک انتشار کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں عام آدمی کو فوری انصاف دلانے کے لیے آئینی ترمیم ضروری بھی ہے اور مجبوری بھی۔

ملاقات میں بلاول بھٹو کے ہمراہ یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، خورشید شاہ، شیری رحمان اور دیگر پارٹی رہنما موجود تھے جبکہ نواز شریف کے ہمراہ احسن اقبال، پرویز رشید، رانا ثنااللہ اور مریم اورنگزیب بھی شریک تھے۔


جدید تر اس سے پرانی