حکومت 25 اکتوبر سے پہلے آئینی ترمیم منظور کرائے گی: بلاول بھٹو زرداری

 

حکومت 25 اکتوبر سے پہلے آئینی ترمیم منظور کرائے گی: بلاول بھٹو زرداری

9 اکتوبر، 2024

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت 25 اکتوبر سے پہلے آئینی ترمیم منظور کرائے گی۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آئینی ترمیم کے لئے ٹائم لائن کا مسئلہ نہیں ہے، حکومت جلدی گھبرا جاتی ہے۔ سیاست میں جو ڈر گیا، وہ مر گیا۔ 25 اکتوبر سے پہلے ترمیم منظور کرائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ چیف جسٹس کون ہوگا، اور نہ ہی ترمیم کے لئے کوئی ڈیڈ لائن ہے، لیکن اس بات سے ضرور فرق پڑتا ہے کہ کسی بھی چیف جسٹس کا طرز عمل افتخار چوہدری جیسا نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان آئینی عدالت اور عدالتی اصلاحات سے متفق ہیں، لیکن ترمیم کے مسودے پر مشاورت جاری ہے۔ پیپلز پارٹی کی نظر میں صوبوں میں بھی آئینی عدالتیں ہونی چاہئیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت آرٹیکل 8 اور 51 میں ترمیم کرنا چاہتی ہے، جسے پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے مسترد کیا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ عمران خان آج بھی سیاستدانوں کے بجائے اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتے ہیں، اگر وہ سیاسی فیصلے کرتے تو آج بھی وزیراعظم ہوتے۔ اب ان کا مستقبل روشن نہیں ہے۔

جدید تر اس سے پرانی