حیدرآباد . معروف براڈ کاسٹر اور سندھ یونیورسٹی کے شعبہ میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کے پی ایچ ڈی اسکالر علی اکبر ہنگرجو کو ایسوسی ایشن آف کامن ویلتھ یونیورسٹیز کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلیوں پر تحقیق کرنے والے منتخب محققین کے گروپ میں شامل کیا گیا ہے۔ برٹش کائونسل کے تعاون سے ماحولیاتی تبدیلیوں پر تحقیقات کرنے والے محققین کے درمیان خیالات کا تبادلہ کرنے اور مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کرنے کے لیے بنائے گئے گروپ کو کامن ویلتھ فیوچر کلائمیٹ ریسرچ کوہارٹ کا نام دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ علی اکبر ہنگورجو گزشتہ دو دہائیوں سے ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے ریڈیو پروگرامز کی تیاری اور پرنٹ میڈیا میں لکھنے کے ساتھ ساتھ تحقیقی کام بھی کر رہے ہیں اور ماحولیاتی صحافت پر ان کے متعدد تحقیقی مقالے ملکی اور غیر ملکی جریدوں میں شائع ہو چکے ہیں. وہ اس وقت سندھ یونیورسٹی کے میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کے پی ایچ ڈی اسکالر کے طور پر ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں ڈیجیٹل میڈیا کے کردار پر ایک تھیسس پر کام کر رہے ہیں۔ انہیں موسمیاتی تبدیلی پر تحقیقی کام کے اعتراف میں کامن ویلتھ فیوچر کلائمیٹ ریسرچ کوہارٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پروگرام میں شامل محققین کو تحقیق کے جدید اصولوں پر آن لائن تربیت اور تحقیقی منصوبوں کے لیے متعلقہ شعبوں کے ماہرین کی مدد کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی پر ہونے والے تحقیقی وسائل تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس پروگرام کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پیدا ہونے والے مسائل جیسے سیلاب، ساحلی علاقوں پر ہونے والے اثرات، شہری علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے قوت میں اضافے ، بدلتی ہوئی دنیا میں پانی کی کمی، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق قانون سازی، سماج کے پسماندہ افراد میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے متعلق شعور بیدار کرنا، ڈیجیٹل میڈیا کے کردار اور دیگر موضوعات پر عالمی سطح پر قابل عمل تحقیق کو فروغ دینا ہے ۔